بنگلورو،19؍جولائی(ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس کے معاملوں میں مسلسل کمی کے نتیجہ میں ریاستی حکومت نے ان لاک کے چوتھے مرحلہ ان لاک۔4کا اعلان کیا ہے۔اتوار کی صبح وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان لاک۔4کے متعلق فیصلہ لیا گیا۔
حکومت کی طرف سے جاری تازہ رہنما خطوط کے مطابق ریاست بھر میں رات کا کرفیو برقرار رکھا گیا ہے لیکن اس کے اوقات میں تبدیلی کے ساتھ۔ اب رات 10بجے سے صبح5بجے تک رات کا کرفیو نافد رہے گا۔
چیف سکریٹری پی روی کمار کی طرف سے جاری رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ نئے لاک ڈاؤن ضوابط کے تحت سنیما ہالس، ملٹی پلکس، آڈیٹوریمس وغیرہ کو 50فیصد لوگوں کے ساتھ کھولا جائے گا۔ ان تمام مقامات پر کووڈ ضابطہ کی پابندی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیمات کے تحت آنے والے تمام کالجوں کو 26جولائی سے کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اس کے لئے شرط یہ رکھی گئی ہے کہ کالج میں صرف وہی طلباء حاضر ہو سکتے ہیں جنہوں نے اپنا پہلا کووڈویکسین ڈوز لگوا لیا ہو۔کالجوں میں طلباء کی حاضری کو لازمی نہیں بلکہ اختیاری بنا دیا گیا ہے۔طویل مدتی ٹیکنیکل کورسس اور فروغ ہندمندی کے تمام کورسوں کیلئے بھی کلاسس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کے لئے بھی کووڈ کا پہلا ڈوز لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے جاری رہنما خطوط میں بتایاگیا ہے کہ تا حکم ثانی کیرلا اور مہاراشٹرا سے لوٹنے والے افراد کے لئے 3جولائی 2021کو نافذکیا گیا ضابطہ برقرار رہے گا۔ان لاک کی کو تاز ہ ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ2اگست 2021تک نافذ رہیں گی۔